لاہور: (دنیا نیوز) سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو عوامی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سعودی سفیر نواف سعیدالمالکی نے ایوان وزیراعلیٰ کا دورہ کیا جہاں محسن نقوی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران سعودی سفیر نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کی غیر معمولی رفتار سے عوامی منصوبوں کی تکمیل کا اعتراف کیا اور محسن نقوی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات میں سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ پنجاب بالخصوص لاہور میں وزیراعلیٰ کی ان تھک محنت نظر آرہی ہے، محسن نقوی اور ان کی ٹیم ہر وقت کام کرتی نظر آتی ہے، پنجاب میں ایک سال کے دوران محسن سپیڈ کی بدولت غیر معمولی ترقی کی نئی مثال قائم ہوئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور سمیت کئی شہر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے باعث پہلے سے زیادہ خوبصورت نظر آ رہے ہیں، پاکستان میں سب کچھ ہے صرف محسن نقوی جیسے مخلص لوگوں اور پلاننگ کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کا رشتہ ازل سے ہے اور ابد تک رہے گا، سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کے لئے سعودی عرب کے کردار کو فراموش نہیں کرسکتے، سعودی عرب کے بے مثال تعاون پر سعودی حکومت کے مشکور ہیں۔