اسلام آباد: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی دفتر پر پٹرول بم پھینکنے کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے انچارج مرکزی الیکشن سیل سینیٹر تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا ہے۔
سینیٹر تاج حیدر کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ستوکتلہ کے علاقے میں بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی دفتر پر گزشتہ روز پٹرول بم سے حملہ کیا گیا، حملہ آوروں نے بم دفتر کے گیٹ پر پھینکا، حملے کی پولیس سٹیشن کی جانب سے کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔
خط میں چیف الیکشن کمشنر سے درخواست کی گئی ہے کہ علاقے میں کوئی بھی سکیورٹی خطرہ سنگین معاملہ ہے، آئی جی پنجاب اور سی پی او لاہور کو ہدایت کی جائے کہ وہ حملے کی مکمل تحقیقات کرکے مجرموں کیخلاف قانون کے تحت کارروائی کریں اور علاقے میں امن قائم کریں۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی کیمپ پر حملہ بزدلانہ حرکت ہے، پولیس کی طرف سے ایف آئی آر داخل کرنے سے انکار تمام راز فاش کر رہا ہے۔
شازیہ عطا مری نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ تھوڑی سی سرزنش پر ڈیل کر کے ملک چھوڑ کر بھاگنے والے شکست کے خوف میں مبتلا ہیں، این اے 127 میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جیت سے مخالفین بدحواس ہو گئے ہیں۔