حیدرآباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ کچھ سیاستدان ایسے ہیں جن کو سیاستدان کہنا بھی سیاست کی توہین ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے حیدرآباد پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں الیکشن کا موسم ہے، مختلف باتیں ہورہی ہیں، اس ملک میں سیاست کو بہت گندا کیا گیا، اچھے آدمی کے لئے اچھی سیاست کرنا مشکل ہوگئی، پتہ نہیں چلتا حقیقی سیاستدان کون ہے۔
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ارباب غلام رحیم میری والدہ کی فاتحہ پر آئے اور کہا کہ میں حیران ہوں اس گھر میں آپ رہ رہے ہیں، ایک بات مشترکہ ہے کہ پی پی کے خلاف اتحاد بنا ہے، آج برسوں بعد بھی پی پی ایسی قوت ہے کہ مل کر اس کا مقابلہ کرنا پڑتا ہے، یہ بھٹو صاحب کی کامیابی ہے، انتخابات کا جیتنا ہارنا چھوٹی بات ہوتی ہے، سیاست کے اصول قائم رکھنا اصل بات ہے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما نے مزید کہا کہ پنجاب میں ان لوگوں کی نسل زندہ ہے جن کی خواتین نے شاہی قلعہ میں قید کاٹی، لاڈلے کی بات سچی ہے، لاڈلا انہیں کہتے ہیں جن کو سہولیات کے ساتھ آگے لایا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی کے دور میں عدلیہ کا بھی مذاق بنا ہوا تھا، عدلیہ کے خلاف جلسہ بھی ہوا۔
پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ ملزم عدالت آئے اور جج اسے ویلکم کرے ہمارے ساتھ تو کبھی ایسا نہیں ہوا، موجودہ چیف جسٹس سے انصاف کی عوام کو بہت امیدیں ہیں۔