لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں عام انتخابات میں فول پروف انتظامات اور سکیورٹی کے لیے 4 ارب 10 کروڑ روپے فنڈ کی منظوری دے دی گئی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں مناواں میں پنجاب کینسر کیئر ہسپتال کے قیام کے لیے 8 ارب روپے فنڈ کی بھی منظوری دی گئی۔
صحت سہولت پروگرام کے تحت علاج معالجے کے لیے نئے اقدامات کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
محسن نقوی نے کہا ہے کہ پرامن ماحول کے لیے الیکشن کمیشن سے بھرپور تعاون کریں گے، تمام جماعتوں کو آزادانہ انتخابی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ فری اینڈ فیئر الیکشن کا انعقاد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور تمام جماعتوں کو یکساں لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کی جائے گی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ امیدواروں کو جلسہ کرنے اور بینرز و پوسٹر لگانے کی اجازت ہوگی تاہم قومی اداروں کے خلاف تقاریر پر کارروائی کی جائے گی۔