انتخابات وقت پر ہونگے، ملتوی ہونے کی افواہوں پر کان نہ دھریں: نگران وزیراعلیٰ بلوچستان

Published On 20 January,2024 06:34 pm

نصیرآباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے، انتخابات ملتوی ہونے کی افواہوں پر کان نہ دھریں۔

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میرعلی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق نصیر آباد ڈویژن کے چھ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کا اجلاس ہوا، اجلاس میں امن وامان کی صورتحال اور الیکشن سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں نگران صوبائی وزیر داخلہ میر زبیر خان جمالی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم، ایڈیشنل آئی جی پولیس جواد ڈوگر، کمشنر نصیر آباد ڈویژن، ڈی آئی جی اور چھ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔

میرعلی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ الیکشن کے پرامن انعقاد کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی جاررہی ہے، ڈپٹی کمشنرز کو صوبائی حکومت کی جانب سے دو روز میں ٹرانسپورٹ کے لئے فنڈز جاری کر دیئے جائیں گے، پرامن انتخابات کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا، پولنگ سٹیشنوں پر پینے کے پانی، واش روم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے دورے کا مقصد عام انتخابات کے حوالے سے ہے۔