میئر کراچی الیکشن قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، خواجہ اظہار الحسن

Published On 20 January,2024 06:18 pm

کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما خواجہ اظہارالحسن نے کہا ہے کہ میئر کراچی الیکشن قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں خلاف ورزی ہو رہی ہے وہاں صرف تادیبی نہیں شوکاز نوٹس دیا جائے، یہ شہر انتخابی عمل کا مرکز ہوتا ہے، الیکشن شیڈول کے اعلان سے لے کر نتائج تک ہر عمل صاف شفاف ہونا چاہیے۔

خواجہ اظہا ر الحسن کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف الیکشن کمیشن میں کوئی شکایت نہیں، ہمارے سیاسی مخالفین نے بھی ہماری شکایت نہیں کی، میئر کراچی الیکشن قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، یوسی چیئرمین دفاتر میں سرکاری مشینری لگا کر نمائندگان کی تشہیر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب سے ملنے والی خیرات کے علاوہ آپ کے پاس کچھ بھی نہیں، اپنی پارٹی کے چیئرمین کیلئے کروڑوں روپے خرچ کر رہے ہیں، کوئی روکنے والا نہیں، اس شہر کے اربوں روپے لوٹ کر دوبارہ اپنے لوگوں کی تصاویر لگا رہے ہیں، شہر میں ترقیاتی منصوبوں پر پارٹی پرچم لگائے جا رہے ہیں۔

خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ورلڈ بینک اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک سے اربوں روپے ملے ہیں، بیرونی امداد کا ناجائز فائدہ اٹھایا جا رہا ہے، ورلڈ بینک نے پیسے کراچی کے لوگوں کیلئے دیئے ہیں تمہاری تشہیر کیلئے نہیں۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ انہوں نے الیکشن کے قواعد و ضوابط ہی نہیں پڑھے، حیدر آباد کے اندر بھی پوری بلدیاتی مشینری ایم کیو ایم کے پوسٹرز اور پرچم اتار رہی ہے، حیدر آباد میں پیپلز پارٹی کے پارٹی پرچم لگا کر سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال ہو رہا ہے۔

خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا فلسطین کارڈ چل رہا ہے، جماعت اسلامی فلسطین کا نام لے کر اپنے جھنڈے لگا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کا بے دریغ استعمال ہو رہا ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان اس کو رکوائے۔