فیصل آباد: (دنیا نیوز) استحكام پاكستان پارٹی كے سینئر نائب صدر ہمایوں اختر خان نے حلقہ این اے 97 میں انتخابی مہم تیز کر دی۔
رہنما آئی پی پی کی حلقے میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کی شخصیات سے ملاقاتوں، كارنر میٹنگز کا سلسلہ جاری ہے، علاقے کی ممتاز،سماجی شخصیات، مختلف برادریوں کے عمائدین اور وکلاء کی بڑی تعداد نے ہمایوں اختر خان كی حمایت كا اعلان كر دیا۔
الیكشن مہم کے دوران صوبائی حلقے کے امیدوارپی پی 102 سے سردار سكندر حیات جتوئی اور پی پی 103 سے رانا نعیم اقبال بھی ہمایوں اختر خان كے ساتھ تھے۔
اس موقع پر شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ علاقے کی پسماندگی دیکھ کر دلی دکھ ہوتا ہے، ہماری نیت نیک ہے، ہم کمیشن اور قبضے کی سیاست کا سوچ کر نہیں بلکہ عوام کی خدمت کی سوچ لے کر آئے ہیں۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ میں 20 سال پارلیمنٹ کا ممبر رہا ہوں ، وفاقی وزارتیں سنبھالیں، میں لوگوں کو دھوکہ نہیں دیتا اس لئے لوگ مجھے بار بار منتخب کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے اب ووٹرز ذات برادری کی سیاست سے بالا تر ہو کر علاقے کی ترقی اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کو پیش نظر رکھ کر درست فیصلہ کریں گے، وعدہ ہے کہ منشور پر عمل کر کے بلا تفریق سارے علاقے کی تقدیر بدلیں گے۔