آئندہ 24 گھنٹے ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا

Published On 20 January,2024 06:35 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں اورشمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند، سموگ چھائی رہے گی، کشمیر میں صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر کہر پڑنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہا، تاہم تربت 07، گوادر 02 اور پنجگور میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

خطہ پوٹھوہار، پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقے شدید دھند ، سمو گ کی لپیٹ میں رہے۔ لہہ منفی 11، سکردو منفی 09، کالام منفی 06، گلگت، گوپس، استور منفی 05 اور سری نگرمیں منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقے اور اسلام آباد شدید دھند کی لپیٹ میں رہیں گے، شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شدید دھند کے باعث پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دن کے درجہ حرارت معمول سے کم رہیں گے۔