امریکا : برفباری اور سردی سے 45 افراد ہلاک

Published On 20 January,2024 12:42 pm

واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) امریکا کی کئی ریاستیں مسلسل دو ہفتوں سے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں اور متعدد علاقوں میں برفانی طوفانوں کے باعث 45 افراد جان کی بازی ہارگئے۔

خبررساں ادارے  کے مطابق ریاست اوریگان سے لے کر ٹینییسی تک شدید سردی درجنوں لوگوں کی جانیں لے چکی ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ، دو ہفتوں سے جاری اس برفانی طوفان میں کم ازکم 45 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

برف باری، بارش، تیز یخ ہواؤں اور آمد و رفت میں مشکلات کے باعث زیادہ تر علاقوں میں سکول اور سرکاری دفاتر بند ہیں، جبکہ ہزاروں پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں ، پورٹ لینڈ کے سرکاری سکول سڑکوں کی خراب صورتحال اور برفانی طوفان سے عمارتوں کو پہنچنے والے نقصان کے باعث کئی روز سے بند ہیں۔

ٹینیسی میں برف باری اور بارش نے تباہی مچا دی ہے جبکہ ریاست کے اہم شہر نیش ول میں اب تک 9 انچ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے جو سالانہ اوسط کےدوگیا سے زیادہ ہے، ٹینیسی کے حکام نے بتایا کہ شدید برفانی موسم اب تک 14 افراد کی جان لے چکا ہے۔

ریاست واشنگٹن میں سردی سے5افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جن میں زیادہ تر افراد بے گھر تھے ، گزشتہ روز سردی کی ایک اور لہر کینیڈا سے امریکا کی وسط مغربی ریاستوں میں داخل ہوئی جس سے اکثر علاقوں میں درجہ حرارت صفر سے 30 درجے سینٹی گریڈ نیچے تک گر گیا۔

ریاست نیویارک کی نیاگرا آبشار کے قریب واقع شہر بفلو کے حکام نے بتایا ہے کہ گزشتہ پانچ روز سے برف پڑ رہی ہے شہر اور مضافاتی علاقوں سے برف نکال کر قریبی جھیل میں ڈالی جا رہی ہے، لیکن اب اس میں بھی گنجائش باقی نہیں رہی۔