لاہور: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے این اے 123 اور 128 سے امیدوار لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عوام 8 فروری کو مہنگائی مسلط کرنے والی جماعتوں کا احتساب کریں۔
انتخابی ریلی کے دوران کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی حکومتوں نے آئی ایم ایف سے عوام دشمن معاہدے کئے، آئی ایم ایف کی بدترین شرائط عوام کی ہڈیوں کا گودا نچوڑ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بدترین مہنگائی اور معیشت کی تباہی کے ذمہ دار سابق حکمران ہیں، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے پاس عوام کو اپنی کارکردگی دکھانے کیلئے کچھ نہیں۔
رہنما جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ 8 فروری کو عوام ووٹ کی طاقت سے کرپٹ اشرافیہ کی سیاست کو شکست دیں، جماعت اسلامی ملک اور عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔