اسلام آباد (ویب ڈیسک) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگران حکومت آئین کے خلاف کوئی اقدام نہیں اٹھائے گی۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی پر سنگین الزامات ہیں، انہیں سزا ہو چکی ہے، کوئی بھی ملک سنگین جرائم میں ملوث کسی شخص تک میڈیا کو رسائی فراہم نہیں کرتا، کسی سیاسی جماعت سے امتیازی سلوک نہیں کیا جا رہا، پی ٹی آئی رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، ریاستی میڈیا پر پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں کوریج دی جا رہی ہے۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہے، انتخابات 8 فروری 2024ءکو ہوں گے اس حوالے سے نگران حکومت پرعزم ہے، انہوں نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کی مالی، انتظامی اور سکیورٹی ضروریات پوری کریں گے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایت ہر ایک کو ہے، پی ٹی آئی، مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمان کی جماعت کو بھی لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایات ہیں، پیپلز پارٹی کو پنجاب میں، مسلم لیگ (ن) کو سندھ میں لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایات ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان سے پوچھیں تو وہ کہیں گے سکیورٹی مسائل کی وجہ سے ہمیں بلوچستان اور کے پی کے میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی۔