لاہور(دنیا نیوز)الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ کے زیراہتمام لاہور میں غزہ بازار کا انعقاد کیا گیا۔
الخدمت غزہ بازار کا مقصد غزہ متاثرین سے اظہار یکجہتی اور اُن کے لیے عطیات اکھٹا کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی مصنوعات کے مقابلے میں پاکستانی مصنوعات کی ترویج کرنا تھا، اِس حوالے سے الخدمت کے تحت غزہ بازار میں لگائے گئے سٹالز سے حاصل ہونے و الی آمدنی بھی غزہ متاثرین کے لیے عطیہ کی گئی۔
الخدمت غزہ بازار میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ کی چیئر پرسن نویدہ انیس، سرپرست الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ ڈاکٹر حمیرا طارق، صدر الخدمت ویمن ونگ پاکستان کلثوم فاطمہ رانجھا اور عظمی عمران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے اِس موقع پر کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن غزہ کے متاثرین کے لیے ہر ممکن امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے، حالیہ جنگ کے آغاز کے اگلے ہی دن الخدمت نے غزہ میں موجود اپنی انٹرنیشنل پارٹنرز این جی اوز کے ذریعے ریسکیو اورریلیف آپریشن کا ہنگامی بنیادوں پر آغاز کردیا تھا جو اب تک جاری ہے، غزہ سے امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ پا کستان، مصر اور اردن سے بھی امدادی سامان غزہ پہنچایا جا رہا ہے۔
صدر الخدمت نے کہا کہ میں کل رات ہی مصر سے واپس پاکستان پہنچا ہوں، جہاں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے غزہ کے 6 ہزار خاندانوں کیلئے 10 ٹریلرز پر 150 ٹن امدادی سامان اسماعلیہ مصر سے غزہ روانہ کیا گیا ہے، جس میں راشن، خیمے، کمبل اور میٹرس سمیت دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں، اس سے قبل پاکستان سے این ڈی ایم اے اور ائیرفورس کے تعاون سے الخدمت فاؤنڈیشن نے نورخان ائیر بیس سے تین مراحل میں 57 ٹن امدادی سامان روانہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں میڈیکل ریلیف کا نظام مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے زخمیوں اورمریضوں کی منتقلی کیلئے ایمبولینس دستیاب نہیں ہیں الخدمت فاؤنڈیشن نے 20 جدید ایمبولینس غزہ بھجوانے کا پلان بنایا ہے جن میں تین ایمبولینس تیار ہو چکی ہیں جو فوری غزہ بھجوانے کیلئے ورکنگ جاری ہے۔
انہوں نے الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ کو غزہ بازار جیسے شاندار ایونٹ پر مبارکباد پیش کی اور شرکاء سے اپیل کی کہ وہ الخدمت غزہ بازار سے زیادہ سے زیادہ خریداری کریں تاکہ غزہ متاثرین کی بہتر انداز میں مدد کی جاسکے۔
اِس موقع پرالخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ کی چیئر پرسن نویدہ انیس نے کہا کہ الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ نے خواتین میں خدمت کا ایک معتبر نام ہے، الخدمت غزہ بازار کا مقصد متاثرین کی امداد کے ساتھ ساتھ لوگوں میں غزہ کے حوالے سے احساس پیدا کرنا اور دکھ درد بانٹنے کی کوشش کرنا ہے۔
غزہ بازار چیرٹی بازار کا آئیڈیا ہے جس سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی غزہ متاثرین کے لیے عطیہ کی جائے گی، غزہ بازار میں بچیوں نے غزہ ایشو پر عدالت اور ٹیبلو بھی پیش کیے۔