واشنگٹن: (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی امریکی پیش کش مسترد کرنے کے بیان کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن اور نیتن یاہو کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق بائیڈن اور نیتن یاہو کے درمیان رابطے میں غزہ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، امریکا دباؤکے باوجود اسرائیل کو سفارتی اور جنگی امداد فراہم کررہا ہے،غزہ میں تشویشناک صورتحال کے باوجود امریکا اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے ۔
امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی کے مطابق بائیڈن اب بھی مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر یقین رکھتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق بائیڈن نے اسرائیلی بندرگاہ سے غزہ کیلئے آٹے کی ترسیل کی اجازت دینے کا خیر مقدم کیا ہے۔
یاد رہے کہ ایک پریس کانفرنس کے دوران اسرائیلی وزیراعظم نے کہاتھا کہ انہوں نے امریکا کو واضح طور پر بتا دیا ہے کہ اسرائیل غزہ کے تنازع کے اختتام پر فلسطینی ریاست کے قیام کی مخالفت کرتا ہے۔
نیتن یاہو نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ غزہ میں جنگ اسرائیل کی فتح، حماس کے خاتمے اور یرغمالیوں کی واپسی تک جاری رہے گی، اس میں مہینوں لگ سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بربریت میں اب تک 24 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 64 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔