جڑانوالہ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما نواب شیر وسیر اور طلال چودھری نے کہا کہ پاکستان کا فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے ان لوگوں کو ووٹ دیں جو کام کر سکتے ہیں۔
نواب شیر وسیر نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری 40 سالہ سیاست میں سب سے زیادہ پیار مسلم لیگ ن سے ملا، جب رانا ثناء اللہ پر منشیات کا مقدمہ کیا ہم نے اسمبلی میں اس کی مخالفت کی، مسلم لیگ ن ہمیشہ صبر کا مظاہرہ کیا، جیلوں میں ڈالا گیا، یہاں کوئی تھانے دار سے ٹکر نہیں لیتا ہم نے اس وقت ملک کے وزیراعظم سے ٹکر لی۔
انہوں نے کہا کہ بارش کا پہلا قطرہ میں اور راجہ ریاض بنے، طلال میرا بیٹا ہے، ہم ایک ہیں، اب وزیراعظم میاں نوازشریف بنے گا، میاں نواز شریف کا دور اب آنے والا ہے، میاں نوازشریف کا دور ترقی کا دور ہے۔
طلال چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جڑانوالہ کی محبت پر طلال چودھری قربان، جڑانوالہ مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے، یہ کہتے ہیں آئی ایم ایف کا معاہدہ ہوا تو مہنگائی ہوئی ہے، ہمارے دور میں موٹروے بنی، بجلی، گیس سستی ہوئی، نیت ہونی چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف جھوٹ بول کر ووٹ لینے کا عادی نہیں، ہمارا مقابلہ کرنا ہے تو کارکردگی سامنے لے کر آؤ، جب کوئی ووٹ لینے آئے آپ ان سے پوچھیں 4 سال میں کیا کام کیا، کے پی کے کی 10 سال کی کارکردگی کیا ہے۔