لاہور: (دنیا نیوز) بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے پارٹی کارکنوں کو این اے 127 میں انتخابی مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
بینظیر بھٹو کی صاحبزادی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے بلاول ہاؤس میں پی پی پی کارکنوں سے ملاقات کی، آصفہ بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا 10 نکاتی ایجنڈا پاکستان کے تمام مسائل کا حل ہے، پیپلزپارٹی کا 10 نکاتی ایجنڈا عام آدمی کو مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام نے شہر شہر ہونے والے جلسوں میں مثالی شرکت کرکے پیغام دے دیا ہے کہ وہ ملک میں سیاسی استحکام کے خواہش مند ہیں، پیپلزپارٹی کو ووٹ دینا ملک میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرنے کے مترادف ہوگا۔
آصفہ بھٹو نے مزید کہا کہ آٹھ فروری پیپلزپارٹی کی جیت کا دن ہوگا، اس دن ترقی یافتہ اور روشن پاکستان کا حقیقی سفر شروع ہوگا۔