لاہور: (دنیا نیوز) عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا، تربیت کے دوران غیر حاضر پولنگ سٹاف کیخلاف کارروائی کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اجلاس میں شرکت کی، داخلہ، بلدیات کے محکموں کے سیکرٹریز، صوبائی الیکشن کمیشن کے افسروں اور متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی، تمام ڈویژنل کمشنرز، آرپی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے ہدایت کی کہ تربیت کے دوران عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے، غیر حاضر عملے کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد اہم قومی ذمہ داری ہے، مطلوبہ فنڈز مہیا کر دیئے گئے ہیں، انتظامات میں کسی قسم کی کمی قابل قبول نہیں ہوگی۔
چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنرز انتخابات کی تیاریوں کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور سکیورٹی پلان الیکشن انتظامات کے انتہائی اہم جزو ہیں ان پر خصوصی توجہ دی جائے۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر پولنگ بیگ کی تیاری کے عمل کی خود نگرانی کریں، پولنگ سٹیشنز پر تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، شکایات کے ازالے کیلئے کنٹرول رومز کو مزید فعال کیا جائے، انتخابی عمل میں تمام سٹیک ہولڈرز کو بلا تفریق یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے الیکشن میٹریل اور بیلٹ پیپرز کی ترسیل کے حوالے سے بھی ضروری ہدایات جاری کیں، سیکرٹری بلدیات احمد جاوید قاضی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دفعہ 144 کے تحت ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش پر یکم سے 12 فروری تک پابندی عائد کر دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کیلئے انتظامات مکمل ہیں، آرمی، رینجرز اور پولیس کے دستے 5 اور 7 فروری کو فلیگ مارچ کریں گے۔