لاہور: (دنیا نیوز) نگران پنجاب حکومت نے بابو صابو ٹول پلازہ کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر بابو صابو ٹول پلازہ کی اپ گریڈیشن کا کام شروع کر دیا گیا، بابو صابو چوک سے ٹول پلازہ تک راستے کو کشادہ کیا جائے گا، اضافی لین بنیں گی جبکہ ٹول پلازہ کو موجودہ جگہ سے پیچھے شفٹ کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے بابو صابو ٹول پلازہ کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا، انہوں نے ٹول پلازہ کے دونوں اطراف اضافی لین کی تعمیر کے کام کا معائنہ کیا اور ٹول پلازہ کی اپ گریڈیشن کا کام جلد مکمل کرنے کے لئے ہدایات دیں۔
ایف ڈبلیو او کے حکام نے وزیراعلیٰ پنجاب کو بابو صابو ٹول پلازہ کی کشادگی اور اضافی لین کی تعمیر کے بارے میں بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر لاہور، سی سی پی او اور ایف ڈبلیو او کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔