نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زمینوں کے انتقالات کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت

Published On 22 January,2024 07:12 pm

پشاور: (دنیا نیوز) بدعنوانی کے خلاف نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سید ارشد حسین شاہ نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے بورڈ آف ریونیو کو دومہینوں کے دوران زمینوں کے انتقالات کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

سید ارشد حسین شاہ نے ہدایت کی کہ بورڈ آف ریونیو تمام ڈپٹی کمشنرز کو انتقالات کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے مراسلہ ارسال کرے، تمام تفصیلات موصول ہونے کے بعد وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں جمع کرائی جائیں، وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل میں زمینوں کے لین دین کی تفصیلات کی جانچ پڑتال کی جائے۔

نگران وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ کمپلینٹ سیل انتقالات کرانے والے افراد سے رابطہ کرکے معلومات حاصل کرے گا، پٹواریوں کی جانب سے زائد رقم یا رشوت لینے پر متعلقہ عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، شہری خود بھی اس سلسلے میں وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل میں اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں، بدعنوانی کے خلاف نگران صوبائی حکومت کی زیروٹالرنس پالیسی ہے۔

سید ارشد حسین شاہ نے مزید کہا کہ شہریوں کو بے جا تنگ کرنے اور رشوت لینے والے سرکاری اہلکاروں کیلئے کوئی جگہ نہیں، ایسےعناصر کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔