معاشرے کو رہنے کے لائق بنانے کیلئے عفو و درگزر سے کام لینا چاہئے: انیق احمد

Published On 20 January,2024 08:53 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ معاشرے کو رہنے کے لائق بنانے کیلئے عفو و درگزر سے کام لینا چاہئے۔

نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے سینٹ پیٹرکس کیتھڈرل چرچ کراچی میں اپنی زیر صدارت بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ وزارت مذہبی امور تمام مذاہب کے ماننے والوں کی وزارت ہے۔

کانفرنس سے کارڈینئل جوزف کوٹس، مفتی نعمان نعیم، بشپ بینی ٹریوس، پروفیسر منوج چوہان، بشپ فیڈرک جان، حافظ محمد سلفی، فرشید روحانی، مفتی نذیر احمد خان، ڈاکٹر تشنا پٹیل اور سردار رمیش سنگھ نے موضوع پر اظہار خیال کیا۔

انیق احمد نے کہا کہ آج دین سیکھنا ہماری ترجیحات میں شامل نہیں رہا، مسلمان کی حیثیت سے دین کے پیغام کو آگے بڑھانا ہماری ذمہ داری ہے، نوجوانوں کی اکثریت دینی تعلیمات سے ناآشنا ہے، معاش کے نام پر نوجوانوں کی ہجرت افسوسناک ہے، سانحہ جڑانوالہ انڈیا میں جاری مسیحی قتل عام سے توجہ ہٹانے کی سازش تھی۔

نگران وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ گزشتہ آسمانی کتب اور انبیاء کو مانے بغیر ایک مسلمان کا ایمان مکمل نہیں ہوتا، غیر مسلم کمیونٹی کا پاکستان میں صحت و تعلیم کے حوالے سے کام لائق تحسین ہے۔