سکھر: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام چیزیں ہونے کے باوجود بھی ہم اپنی اکانومی کو بہتر نہیں کر سکے۔
تاجر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ میں شکر گزار ہوں اپنے رب کا جتنی عزت بخشی ہے، تاجر برادری کی موجودگی ہمارے لیے باعث عزت ہے، آج کی تقریب ان سب لوگوں کیلئے میسج ہے جو سیاست کو صرف سیڑھی سمجھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ سیاست سیڑھی نہیں خدمت کا نام ہے، جب ملک میں بجٹ بنتا ہے تو سب سے زیادہ فکر تاجر طبقے کو ہوتی ہے، ہمارا ملک ایگریکلچر کنٹری ہے، پاکستان کی 65 فیصد ایکسپورٹ ایگریکلچر کی پابند ہے، پاکستان کے پاس تین ڈرائی پورٹس ہیں۔
سابق صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تاجر کنونشن سکھر کی تاریخ کا بڑا اجتماع ہے، پیپلز پارٹی کی تمام کارکردگی کا کریڈٹ بلاول بھٹو اور باقی قیادت کو جاتا ہے، بزنس کمیونٹی کیلئے بھی سرگرمیاں بڑھی ہیں، بلوچستان سمیت دیگر صوبوں سے بھی لوگ سکھر آتے ہیں، صحت، تعلیم سمیت دیگر سہولیات شہر میں موجود ہیں۔
ناصر شاہ نے مزید کہا ہے کہ کراچی میں زیادہ وقت بیٹھ کر سکھر کی خدمت کی ہے، دیگر اضلاع کی نسبت سکھر میں زیادہ ترقیاتی منصوبے دیئے، پارکنگ پلازہ، سیورج کا بہتر نظام اور پانی کے منصوبوں پر کام چل رہا ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت واٹر بورڈ بنائیں گے، نگران حکومت نے سکھر واٹر سیوریج کی سکیم کی منظوری دیدی انکا شکر گزار ہوں۔
سابق صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں قابل احترام ہیں پر عوام نے اپنا فیصلہ کرنا ہے، ابھی تو لوگ نشانات ڈھونڈ رہے، معلوم نہیں ان کا کیا نشان ہے، انتخابات میں سندھ سے پیپلز پارٹی کلین سویپ کر رہی ہے جبکہ دیگر صوبوں سے بھی نتائج اچھے آئیں گے۔