چور دروازے نہیں عوامی طاقت سے حکومت میں آئینگے: یوسف گیلانی

Published On 23 January,2024 11:50 am

ملتان: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم کسی چور دروازے سے نہیں عوام کی طاقت سے حکومت میں آئیں گے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے آج شہر سے انتخابی مہم کا آغاز کیا ہے، پیپلز پارٹی غریبوں کی علامت ہے، 26 جنوری کو بلاول بھٹو ملتان تشریف لارہے ہیں، چیئرمین پیپلز پارٹی نے مشکل حالات میں خیبرپختونخوا کا بھی دورہ بھی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان میں بھی پارٹی منشور کے بارے آگاہ کریں گے، پیپلز پارٹی نے جتنی قربانیاں دی ہیں اتنی کسی پارٹی نے نہیں دیں، ہمارے پارٹی ورکرز نے بھی کوڑے کھائے، صعوبتیں برداشت کیں۔

رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ بھٹو صاحب کو شہید کیا گیا تو پورے ملک میں خودسوزیاں ہوئیں، ہماری پارٹی کے لیڈرز کے ساتھ ساتھ ورکرز نے بھی قربانیاں دیں، ہم نے اس ملک میں جمہوریت، آئین اور رول آف لاء کیلئے قربانیاں دی ہیں۔

یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ دفاع کے لحاظ سے ہمارا ملک مضبوط ہاتھوں میں ہے، ہمارے جوان اور سکیورٹی افسران دفاع کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، ہمارے ملک کے عوام بھی مضبوط ہیں، ہم عوام کی طاقت سے الیکشن میں آ رہے ہیں۔