لاہور: (دنیا نیوز) سپیشل اسسٹنٹ ٹو پرائم منسٹر فار ہیومن رائٹس مشعال حسین ملک کا کہنا ہے عالمی عدالت کا فیصلہ غزہ کے بے کسوں کیلئے امید کی کرن ثابت ہو گا۔
لاہور پریس کلب میں مشعال حسین ملک نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عالمی عدالت انصاف نے مظلوم فلسطینیوں کی آواز سن لی، عالمی عدالت انصاف اسرائیل کو مظالم بند کرنے کے فیصلے پر عمل بھی کروائے، کاش مظلوم کشمیریوں کی صدا بھی کوئی سنے۔
مشعال ملک نے مزید کہا کہ کشمیری صدیوں سے اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں، ہزاروں افراد بھارتی تسلط سے آزادی کا خواب لئے شہادت پا گئے، عالمی عدالت انصاف کا اسرائیل کے خلاف فیصلہ کشمیریوں کے لئے بھی امید کی کرن ہے۔
ان کا کا کہنا تھا کشمیر میں جتنے بھی الیکشن ہوتے ہیں 3 سے 4 فیصد ٹرن آؤٹ ہوتے ہیں، انڈیا کی جانب سے 50 لاکھ لوگوں کو کشمیری ڈومیسائل دیئے گئے ہیں، انڈیا کی جانب سے ٹرن آؤٹ دکھانے کے لئے نقلی ووٹر لائے جا رہے ہیں، انڈین آر ایس ایس نے انڈیا پر قبضہ جما لیا ہے۔
مشعال ملک نے کہا کہ انڈیا میں مسلمانوں کو یرغمال بنایا جا رہا ہے، دنیا بھر میں کشمیریوں کو مختلف اذیتیں دی جا رہیں ہیں، آج انڈیا کے ری پبلک ڈے پر انڈیا نے قوانین کو دفن کر دیا ہے، انڈیا کی جانب سے دنیا بھر میں معصوم لوگوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا شبیر شاہ، مسرت عالم اور ہماری باقی قیادت کے خلاف فیصلے دیئے جا رہے ہیں، آج پوری کشمیری قوم کے ساتھ پاکستان کے لئے بھی لمحہ فکریہ ہے، انڈیا کی دہشتگردی دن بدن بڑھتی جا رہی ہے، انڈیا کے ٹارگٹ پر صرف کشمیری نہیں بلکہ پاکستان بھی ہے، ہم نے انڈین آر ایس ایس کے خلاف ثبوتوں کے ساتھ ڈیٹا اکٹھا کیا ہے، انڈین آر ایس ایس کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں جائیں گے۔
مشعال حسین ملک نے مزید کہا یاسین ملک کی حالت بہت نازک ہے، انکے خلاف جموں اور این آئی ایس کے کیس میں یکطرفہ فیصلے کئے جا رہے ہیں، ان کو پیش بھی نہیں کیا جا رہا نہ کوئی وکیل دیا گیا، کوئی ڈاکٹر بھی نہیں دیا گیا، کشمیریوں کو ان کے مناسب حقوق دیئے جائیں۔