عالمی عدالت انصاف کے فیصلے نے اسرائیلی بربریت کو بے نقاب کر دیا: صد مملکت

Published On 26 January,2024 10:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدرمملکت عارف علوی نے غزہ میں نسل کشی کی روک تھام اور سزا سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں نسل کشی کے جرم کی روک تھام سے متعلق عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ بہترین ہے، اسرائیل کو فوری طور پر غزہ میں معصوم شہریوں کی نسل کشی اور خونریزی کو روکنا ہوگا، فیصلے نے اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی غیر انسانی کارروائیوں اور بربریت کو بے نقاب کر دیا ہے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ اسرائیل نے خواتین، بچوں اور ہسپتالوں کو نشانہ بنا کر انسانیت کی تمام حدیں پار کر دیں، خوراک کے لئے قطار میں کھڑے لوگوں کو بھی نہیں چھوڑا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر غزہ میں فوری جنگ بندی کے لئے اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری، سلامتی کونسل اسرائیل کو فلسطین میں مزید خونریزی سے روکے۔

صدر مملکت نے جنوبی افریقہ کی جانب سے معاملہ عالمی عدالت انصاف میں لیجانے کے جرات مندانہ مؤقف کو سراہا۔