پی پی کا جماعت اسلامی پر فلسطین کیلئے جمع چندے سے انتخابی مہم چلانے کا الزام

Published On 27 January,2024 02:07 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی نے جماعت اسلامی پر فلسطین کیلئے جمع کیے گئے چندے سے انتخابی مہم چلانے کا الزام عائد کر دیا۔

سراج الحق کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سراج الحق خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ رہے، ایک بینک میں اپنا صدر بنانا ان کی کارکردگی تھی، جماعت اسلامی فلسطین کے نام پر اکٹھا کیے گئے چندے سے اپنی انتخابی مہم چلا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: جماعت اسلامی کے رہنماؤں کیخلاف سرکاری ملازمین کو دھمکانے کا مقدمہ درج

سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی نے مزید کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے جہاد کے نام پر نوجوانوں کو گمراہ کیا، معصوم بچوں کو جنت کے خواب دکھا کر جہاد کا ایندھن بنا کر اپنے بچوں کو گرین کارڈ دلوائے، بلاول بھٹو زرداری نے ڈاکٹر عافیہ تک ان کے خاندان کو رسائی دلوائی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے نانا نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ دیا، بلاول بھٹو زرداری کی عظیم والدہ نے پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی دی، قوم آج تک جماعت اسلامی کے 1977ء میں گھناؤنے کردار کو نہیں بھولی۔