لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عام انتخابات 2024 کیلئے اپنا انتخابی منشور ’پاکستان کو نواز دو‘ کے نعرے کے ساتھ پیش کر دیا۔
منشور کی تقریب میں قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف، پارٹی صدر میاں شہباز شریف، چیف آرگنائزر مریم نواز، اسحاق ڈار سمیت سینیٹر عرفان صدیقی نے بھی شرکت کی۔
— PMLN (@pmln_org) January 27, 2024
سینیٹر عرفان صدیقی
سینیٹر عرفان صدیقی کا انتخابی منشور پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج منشور پیش کرنے کے دن ہی لاہور میں کئی روز سے چھائی دھند چھٹ گئی، انتخابی منشور کا اعلان کئے جانے پر لاہور میں دھند کا چھٹنا نیک شگون ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائدین نے منشور تیار کرنے کی ذمہ داری دی تھی، نواز شریف کی ہدایت تھی ایسا منشور نہیں دینا جس پر عمل نہ ہو، انتخابی منشور بنانے میں تاخیر ترامیم کی وجہ سے ہوئی، ماضی کی کارکردگی کو بھی ہم نے منشور کا حصہ بنایا، یہ بھی بتایا کہ ماضی کے وعدے پورے ہوئے یا نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو منشور پر پورا عمل کریں گے: نواز شریف
لیگی سینیٹر کا کہنا تھا کہ آج کے نوجوان کیلئے فیصلہ کرنا آسان ہوگیا، پی ٹی آئی سے پوچھا جائے کہ 4 سال میں 4 بڑے منصوبے بتائیں، ہر جماعت سے اس کے دور حکومت میں بڑے ترقیاتی منصوبوں کا پوچھا جائے، کوئی بھی عام آدمی پی ٹی آئی حکومت کے منصوبے نہیں جانتا ہوگا۔
— PMLN (@pmln_org) January 27, 2024
عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ عام رکشہ ڈرائیور سے بھی پوچھیں تو وہ مسلم لیگ (ن) کے منصوبے گنوائے گا، شہباز شریف حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، 16 ماہ میں سب سے بڑی کارکردگی یہی ہے کہ ملک دیوالیہ نہیں ہوا۔
مسلم لیگ ن کے منشور کے اہم نکات
- تمام سرکاری دفاتر کو ماحول دوست بنائیں گے
- پارلیمنٹ کی بالادستی کویقینی بنایا جائے گا
عدالتی اصلاحات
- آرٹیکل 62 اور 63 کواپنی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا
- عدالتی، قانونی، پنچایت سسٹم اور تنازعات کے تصفیے کا متبادل نظام ہوگا
- عدالتی، قانونی اور انصاف کے نظام میں اصلاحات کی جائیں گی
- بر وقت اور مؤثر عدالتی نظام کا نفاذ کیا جائےگا
- مؤثر، منصفانہ اور بروقت پراسیکیوشن ہوگی
- یقینی بنایا جائے گا کہ بڑے اور مشکل مقدمات کا فیصلہ ایک سال کے اندر ہوگا
- چھوٹے مقدمات کا فیصلہ دو ماہ میں سنایا جائے گا
- نیب کا خاتمہ کیا جائے گا
- انسداد بدعنوانی کے اداروں اور ایجنسیوں کو مضبوط کیا جائےگا
- ضابطہ فوجداری 1898 اور 1906 میں ترامیم کی جائے گی
- عدالتی کارروائی براہ راست نشرکی جائے گی
- کمرشل عدالتیں قائم کی جائیں گی
- سمندر پار پاکستانیوں کی عدالتیں بہتر اور مضبوط بنائی جائیں گی
- عدلیہ میں ڈیجیٹل نظام قائم کیا جائے گا
معاشی اصلاحات
- مالی سال 2025 تک مہنگائی میں 10 فیصد کمی کی جائے گی
- چار سال میں مہنگائی 4 سے 6 فیصد تک لائی جائے گی
- پانچ سال میں ایک کروڑ سے زائد نوکریاں دی جائیں گی
- کرنٹ اکاؤنٹ خساره جی ڈی پی کا 1.5 فیصد تک کیا جائے گا
- تین سال میں اقتصادی شرح نمو 6 فیصد سے زائد پر لائی جائے گی
- پانچ سال میں غربت میں 25 فیصد کمی کا ہدف رکھا گیا ہے
- افرادی قوت کی سالانہ ترسیلات زر کا ہدف 40 ارب ڈالر رکھا گیا ہے
- پانچ سال میں بیروزگاری میں 5 فیصد کمی کی جائے گی
- چار سال میں مالیاتی خسارہ 3.5 فیصد یا اس سےکم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے
- پانچ سال میں فی کس آمدنی 2,000 ڈالر کرنے کا ہدف ہے
نوازشریف نے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کبھی نہیں کیا: شہباز شریف
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ روایت ہے کہ ہر الیکشن میں جانے سے پہلے سیاسی جماعتیں منشور پیش کرتی ہیں، نواز شریف نے کبھی دعویٰ نہیں کیا کہ وہ لوڈشیڈنگ ختم کر دیں گے، نواز شریف نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ لوڈشیڈنگ ختم ہو۔
انہوں نے کہا کہ 14 اگست 2014 کو اسلام آباد کیلئے لانگ مارچ شروع ہوا، دیکھتی آنکھوں نے ایسا دلخراش منظر نہیں دیکھا تھا، 2014 کا لانگ مارچ نواز شریف نہیں پاکستان کے خلاف تھا، سانحہ اے پی ایس پر مجبوراً دھرنا ختم کرنا پڑا، لانگ مارچ سے قوم کا جو وقت ضائع ہوا اس کا ذمہ دار کون تھا؟ اس دوران ہر وقت دھرنوں،جلاؤ گھیراؤ کی صدائیں تھیں۔
— PMLN (@pmln_org) January 27, 2024
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کراچی کے عوام کو گرین لائن بس کا تحفہ دیا، 11 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے جو ریکارڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی دس سالہ کارکردگی سب کے سامنے ہے، دھرنوں کی وجہ سے ترقی کا عمل رکا رہا، نوازشریف وہ شخص ہے جس نے وعدے کم اور عمل زیادہ کیا، انہوں نے ملک کیلئے جو کچھ کیا وہ سب عوام کے سامنے ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے منشور کا اہم حصہ ہے قوم کو جوڑ دو، آج دنیا ہم سے بہت آگے نکل گئی ہے، آپسی اختلافات کو بھلا کر قوم کو اکٹھا کرنا ہوگا، 5 سالوں میں بہت زہر اُگلا گیا، بہت مشکل سے ختم ہوگا۔