اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر اللہیان ایک روزہ دورے پر آج رات اسلام آباد پہنچیں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان میں قیام کے دوران ایرانی وزیرخارجہ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات کریں گے، دونوں وزرائے خارجہ میں پیر کو وزارت خارجہ میں ملاقات کا امکان ہے، ملاقات کے بعد دونوں وزرائے خارجہ مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ایرانی وزیر خارجہ کی اعلیٰ پاکستانی قیادت سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں، حسین امیر عبداللہیان نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے 19 جنوری کو ٹیلی فون پر رابطے میں ایرانی ہم منصب کو دورے کی دعوت دی تھی۔