8 فروری کو پیپلزپارٹی کامیابی حاصل کرکے ملک کو ترقی دے گی: عاصم حسین

Published On 28 January,2024 09:42 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کا ضلع وسطی فائیو سٹارچورنگی کے مقام پر انتخابی جلسے کا انعقاد ہوا، پی پی رہنما ڈاکٹرعاصم حسین اور رضا ہارون سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

ڈاکٹر عاصم حسین نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ فروری کےعام انتخابات میں پیپلزپارٹی بڑی فتح حاصل کرے گی، ضلع وسطی کئی سالوں سے مدنظر کیا گیا، یہاں کی قیادتوں نے عوامی مسائل حل کرنے کی کوشش ہی نہیں کی، الزام لگانے والوں کا نام نہیں لینا چاہتا، ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ بہادروں کی سخاوت نہیں ہے، تمہیں تمہارا ظرف مبارک ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ مذاق کیا گیا، ہم نے معاشی حالات کو ٹھیک کرنا ہے، ہمارے بزرگ کہتے ہیں کہ پاکستان علی گڑھ یونیورسٹی کے طلبا نے بنایا، اس پاکستان کو ضلع وسطی کی قیادت ٹھیک کریگی، ہم بکنے اور بدلنے والوں میں سے نہیں ہیں۔

سینیٹر مسرور احسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اگلے وزیراعظم بلاول بھٹو ہوں گے، پہلے تیس سال تک چوروں کی حکومت تھی، تیس سال تک اس ضلع کے بچوں کو تعلیم سے محروم رکھا، اس ضلع اور شہر میں سب سے پہلے کلاشنکوف کلچرل جماعت اسلامی لائی۔

مسرور احسن نے مزید کہا کہ آج حافظ صاحب اداکاروں کے ساتھ ڈانس کرکے خود کو ملا بتاتے ہیں، سراج الحق اور حافظ نعیم کے نظریہ میں فرق ہے، انہوں نے طلبہ یونین پر پابندی عائد کی، حافظ صاحب بحیثیت انسان آپ کی عزت کرتا ہوں، بحیثیت جماعت آپ کی عزت نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے قول و فعل میں تضاد ہے، جنرل ضیاء کی کوشش تھی کہ عوام کو لڑایا جائے۔