ہم حقوق، بہتر معیشت، اسلامی نظام اور ترقی کی جنگ لڑ رہے ہیں: فضل الرحمان

Published On 28 January,2024 05:51 pm

سکھر: (دنیا نیوز) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم حقوق، بہتر معیشت، اسلامی نظام اور ترقی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمن نے جامعہ حمادیہ منزل گاہ مدرسہ سکھر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم الشان اجتماع ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب ملک بھر میں عام انتخابات کی گہما گہمی ہے، یہ ہمارا فرض بنتا ہے کہ عوام کو راہ حق اور ووٹ کے درست استعمال کی تربیت دیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاست ایک مقدس وظیفہ ہے، جس کی بنیاد انبیاء کرام نے رکھی، اس مقدس سیاست کو اس ملک میں 75  سال سے جھوٹ اور بے ایمانی کی بنیاد پر گندا کیا جاتا رہا ہے، کیا اب ضرورت نہیں کہ سیاست کو اس مقدس مقام پر دوبارہ بحال کرایا جائے، اس اقتدار کی جنگ کو جمیعت علماء اسلام جہاد سمجھتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کو آئین اور قانون کے بغیر نہیں چلایا جا سکتا: مولانا فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے ملک اور انسانیت کی حقوق کی جنگ لڑی ہے، آج ہمارے ملک اور ہماری معیشت کو سہارا دینے کے لئے کوئی نہیں ہے، ایسے لوگوں کو لایا گیا جنہوں نے پاکستان کی شناخت خراب کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کی سیاست کو 75 سالوں سے بڑے غور سے دیکھ رہے ہیں، ہم نے قربانیاں دے کر اس پاکستان کو حاصل کیا تھا ، سیاست ایک مقدس نام ہے، لیکن اج اس سیاست کو جھوٹ اور فریب کا نام دے دیا گیا۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہم جب الیکشن لڑتے ہیں تو ہمیں کہا جاتا ہے ہم کرسی کی جنگ لڑ رہے ہیں، آپ کے لئے سیاست کرسی کی جنگ ہوگی لیکن ہم جس راستے پر ہیں یہ قرآن و سنت کا راستہ ہے۔