ظفروال: (دنیا نیوز) دانیال عزیز نے کہا کہ احسن اقبال لوٹے ختم کرنے آئے تھے، سارے لوٹے اپنے پاس اکٹھے کر لئے۔
دانیال عزیز نے کہا کہ احسن اقبال نے وجیہہ اکرم کو مخصوص نشست دی ہے، وجیہہ اکرم کل پی ٹی آئی کی نمائندگی کرتی تھی، میرے مقابلے میں انوارالحق کو ٹکٹ دیا جس نے ساری عمر پیپلزپارٹی میں گزاری، pp55 کا اکمل سرگالہ کو ٹکٹ دیا جو جموں آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کا وزیر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیاز 300 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے اس کا جواب کون دے گا؟ احسن اقبال مہنگائی کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام رہے، مہنگائی کی وجہ سے غریب پس کر رہ گیا ہے، مہنگائی کے خلاف جنگ کروں گا۔
دانیال عزیز نے کہا کہ عوام اس کو ریجیکٹ کریں، پارٹی میں اس پر سب ہنس رہے ہیں، مجھ پر اعتماد کریں، مجھے ووٹ ڈال کر اسلام آباد بھیجیں، قسم اٹھاتا ہوں میں مہنگائی کیخلاف جنگ کروں گا، احسن اقبال صرف اپنے بیٹے کو ایم پی اے بنانا چاہتے ہیں، احسن اقبال کا بیٹا اس اہل نہیں کہ وہ ایم پی اے بنے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورے پاکستان میں گیس کا کام بند ہے لیکن میں نے آپ کے قصبہ میں گیس منظور کروائی، احسن اقبال میرے منصوبے پر اپنی تختی لگوانا چاہتا ہے، احسن اقبال کی اپنی کارکردگی صفر ہے۔