گجرات: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بیروزگاری اور سیاسی بے چینی میں ہمیں بہتر نمائندے چننے ہوں گے۔
قمر زمان کائرہ نے گجرات میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پریشان کن حالات میں الیکشن ہو رہے ہیں، اس الیکشن میں ہم نے مستقبل کے فیصلے کرنے ہیں، کوئی فوجی حکمرانوں اور کوئی عدالتوں کو بُرا بھلا کہتا ہے، کوئی پیپلزپارٹی، کوئی مسلم لیگ ن تو کوئی پی ٹی آئی کو بربادی کا ذمہ دار ٹھہراتا ہے۔
پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ ملکی حالات سب کے سامنے ہیں، جس پر روزانہ ہم تبصرے کرتے ہیں، پاکستان میں بے روزگاری اور سیاسی بے چینی پائی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی کامیاب قومیں پاکستان کی نسبت خوشحال ہیں، بہتر قیادت چننے کے انتخاب کی وجہ سی ہی وہ ملک خوشحال ہیں، دیگر ممالک میں اپنے نمائندے کو کردار، قابلیت کی بناء پر منتخب کیا جاتا ہے، دوسرے ممالک میں عوامی نمائندوں کو منتخب کرنے کیلئے برادری کو نہیں دیکھا جاتا۔