لاہور: (دنیا نیوز) لاہور، کراچی سمیت پی ٹی آئی نے کئی شہریوں میں ریلیاں نکالیں، پولیس نے پی ٹی آئی کے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔
لاہور میں علامہ اقبال روڈ پر این اے 119میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار میاں شہزاد فاروق کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس میں مردوں اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی لیکن کارکنوں کی تعداد زیادہ ہونے پر پولیس راستے سے ہٹ گئی۔
کراچی میں تحریک انصاف نے تین تلوار چوک میں ریلی نکالی، پی ٹی آئی کارکنوں نے پتھروں اور لاٹھیوں سے حملے کرکے 7 پولیس اہلکاروں کو زخمی کر دیا جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق 25 پی ٹی آئی کے کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
راولپنڈی میں بھی این اے 56 میں ریلی نکالی گئی جو ڈھوک رتہ سے ہوتی ہوئی سید پور روڈ پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی کے شرکاء نے ایک ریاست دو دستور نامنظور کے نعرے لگائے، جاتلی کے علاقے میں پولیس نے کریک ڈاؤن کرکے دس کارکنوں کو تحویل میں لے لیا۔
پشاور میں بھی ریلی نکالی گئی تاہم پولیس نے ریلی کو رنگ روڈ پر روک دیا، اس موقع پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی، پولیس نے کئی پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے ریلی کے لئے این او سی نہیں لیا، این او سی کے بغیر جو بھی روڈ پر آئے گا گرفتار کرلیا جائے گا۔