صوابی: (دنیا نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ اقتدار میں آکر بیروزگاری ختم، نوجوان کی اعلیٰ تعلیم، روزگار کا مسئلہ حل کروں گا۔
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حیدر خان ہوتی نے صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میرا ارمان پورا ہوا، دس سال سے انتظار تھا وہ دن آگیا، آٹھ فروری کو یہی حال ہو گا جو آج ہے، ہمارے لئے دو ہزار اٹھارہ چیف الیکشن کمشنر حکیم اللہ محسود تھے۔
حیدر خان ہوتی نے کہا کہ دو ہزار اٹھارہ کے الیکشن میں پانچ بجے تک پولنگ کا ٹائم تھا، گنتی پانچ بجے تک جاری رہی اس کے بعد جنات نے گنتی شروع کی، پرویز خٹک نے اپنے جلسوں میں کہا بانی پی ٹی آئی کرپٹ انسان ہیں، نو سو ارب کا حساب کس سے کیا جائے گا، ہمیں موقع ملا تو سب سے حساب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی، ان کی حکومت میں ریکارڈ کرپشن ہوئی، آج ہمارے صوبے کا خزانہ خالی ہے، تنخواہ کے لئے پیسے نہیں، الیکشن میں دس دن باقی ہیں اب جرگوں کی ضرورت نہیں۔
حیدر خان ہوتی نے کہا کہ ہمارے بچے بھوک سے مر رہے ہیں، ہمارے صوبے میں روزگار نہیں، گیس پر پہلا حق خیبرپختونخوا کا ہے۔