سندھ اور خیبرپختونخوا میں بھی سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 6 تا 9 فروری بند رہیں گے

Published On 01 February,2024 06:33 pm

پشاور، کراچی: (دنیا نیوز) عام انتخابات 2024 کے سلسلہ میں صوبہ سندھ اور خیبر پختونخوا میں بھی سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 6 تا 9 فروری بند رہیں گے۔

خیبرپختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے صوبے کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو 4 روز بند کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا۔

اعلامیہ کے مطابق خیبرپختونخوا کے زیادہ تر تعلیمی اداروں میں پولنگ سٹیشنز کا قیام عمل میں لایا جائے گا، محکمہ تعلیم کے اساتذہ اور دیگر عملہ بھی الیکشن ڈیوٹی میں مصروف ہو گا۔

دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے صوبے میں تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کی سمری منظور کر لی۔

ترجمان وزیر اعلیٰ کے مطابق صوبہ سندھ میں بوجہ الیکشن 6 تا 9 فروری تمام سرکاری، نیم سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔