راولپنڈی: پیر ودھائی موڑ سے کچہری چوک تک سگنل فری کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

Published On 03 February,2024 11:23 am

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے راولپنڈی کے شہریوں کو بڑا تحفہ دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پیرودھائی موڑ سے کچہری چوک تک سگنل فری کوریڈور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا، پیر ودھائی موڑ سے کچہری چوک تک سگنل فری کوریڈور بنے گا، منصوبے کے تحت اصغر مال روڈ کی تعمیر و توسیع ہوگی، محسن نقوی نے اصغر مال روڈ کے تعمیراتی کاموں کا آغاز کیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے بتایا کہ راولپنڈی کے مصروف ترین چوراہوں پر ٹریفک لوڈ کم کرنے کے 7.6 کلومیٹر طویل سگنل فری کوریڈور میگا منصوبے پر 8.2 ارب روپے لاگت آئے گی، منصوبے کے تحت 3 انڈر پاسز اور دو پروٹیکٹڈ یوٹرن بنائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ راولپنڈی میں ٹریفک کے دیرینہ مسائل مستقل بنیادوں پر حل کر رہے ہیں، قاسم مارکیٹ پر سنگل بیرل، جی پی او چوک اور پی سی چوک پر ڈبل بیرل انڈر پاسز بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اصغر مال روڈ کی مری روڈ سے چونگی نمبر 4 تک تعمیر نو کی جا رہی ہے، پوری کوشش ہے کہ اصغر مال روڈ کو مقررہ وقت سے قبل مکمل کیا جائے، سڑک کے اطراف آبادی کی سیوریج لائنوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ آبادی کا پانی سڑک پر نہ آئے۔

محسن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ تعمیر و توسیع کے دوران سڑک پر روڈ سٹڈز، کیٹ آئیز اور ٹریفک سگنلز لگائے جائیں، اصغر مال روڈ شہر کے گنجان آباد علاقے میں موجود ہونے کی وجہ سے شہریوں کو بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، لنک روڈز کی مرمت و بحالی سے شہر میں ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے۔

صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر، ڈاکٹر جمال ناصر، ابراہیم حسن مراد، چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری صحت، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری صنعت، کمشنر راولپنڈی، آر پی او، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔