اسلام آباد: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی کے دورانِ عدّت نکاح کیس میں عدالتی فیصلے پر تحریک انصاف کا ردعمل بھی آگیا۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ جج قدرت اللہ کا فیصلہ شرعی احکامات کے منافی اور ازدواجی و عائلی قوانین پر سنگین حملہ ہے، اپنے فیصلے سے جج قدرت اللہ نے ریاست کے چہرے سے نقاب نوچ کر اس کے باطن کو آشکار کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ سیاہ رو فیصلہ لکھ کر جج قدرت اللہ نے پورے نظامِ عدل کا سر شرم سے جھکا دیا، بانی پی ٹی آئی کو جھکانے کیلئے ریاستی منصوبہ سازوں نے اللہ کی حدود کا کھلا مذاق اڑایا۔
یہ بھی پڑھیں: غیر شرعی نکاح کیس: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 7، 7 سال قید کی سزا
انہوں نے کہا کہ سائفر اور توشہ خانہ جیسے بیہودہ مقدمات کے بعد عدّت میں نکاح کیس کے فیصلے کے ذریعے مذموم ایجنڈا آگے بڑھانے کی کوشش کی گئی، بانی پی ٹی آئی نے لاقانونیت کے سامنے سرجھکایا نہ ان کی قوم فرعونیت کو قبول کرے گی۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ قوم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہر بےانصافی کا بدلہ 8 فروری کو اپنے ووٹ سے لے گی۔