8فروری سے قبل تھرپارکر کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا: بلاول بھٹو

Published On 03 February,2024 04:58 pm

چھاچھرو:(دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ 8فروری سے قبل تھرپارکر کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا۔

انتخابی مہم کے دوران چھاچھرو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ تھرپارکر کے عوام کے ساتھ ہوں،بہت خوشی محسوس ہورہی ہے، ہمارا آپ عوام کے ساتھ کوئی سیاسی رشتہ نہیں محبت کا ہے، آپ کا ہوں آپ میرے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ ہم زندگی بھر ساتھ رہیں گے، ایک شخص خود کو ملک پر چوتھی بار وزیراعظم مسلط کرنے کی کوشش کررہا ہے، وہ شخص بہت غلط بیانی کررہا ہے، وہ کہتا ہے تھرکول کا منصوبہ اس نے شروع کرایا، یہاں کے عوام بتائیں تھرکول منصوبہ کس نے دیا؟ یہ آواز لاہور تک پہنچنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ تھرکول منصوبہ میاں صاحب کا ہوتا تومیں نہیں وہ یہاں آکر جلسہ کررہے ہوتے،پیپلز پارٹی نے لوگوں کو معاشی فائدہ پہنچانے کیلئے یہ منصوبہ شروع کیا تھا،8فروری کے بعد اس منصوبے پر مزید کام ہوگا، تھرپارکر سے کراچی تک ٹرین کا بندوبست کریں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ٹرین کے ذریعے یہاں کے عوام کی آمدورفت میں آسانی ہوگی،اگلی بار آپ کراچی تک ٹرین کا سفر کریں گے، صرف میں عوام کی طرف دیکھ رہا ہوں،باقی ادھر ادھر دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیر والے سوچتے ہیں ان کی حکومت بنے گی تو میرے اور آپکے پتھر کو بیچیں گے، اگر وہ آپکے اور میرے پتھر پر ہاتھ ڈالیں گے تو ہم وہ ہاتھ کاٹیں گے، یہاں کسی کو کاروبار کرنے کا حق ہے تو میرے تھر کے عوام کو حق ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ ان کو معلوم ہونا چاہیے شہید بینظیر بھٹو آج بھی موجود ہے، اگر آپ 8فروری کو تیر پر مہر لگائیں تو دنیا کی کوئی طاقت میرا راستہ نہیں روک سکتی، میاں صاحب کی کوشش ہے وہ پاکستان پر مسلط ہوں اوران کی کٹھ پتلی حکومت کراچی میں بیٹھے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مہنگائی ،غربت اور بیروزگاری تین بڑے مسائل ہیں، ہم نے اپنے ہاتھوں سے عوامی معاشی معاہدہ تیار کیا ہے، اس 10نکاتی ایجنڈے کو آپ کسی بھی زبان میں پڑھ سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، سندھ کے عوام ایسی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، 8فروری کو تیروں کی بارش ہوگی اورشیر کا شکار اپنے ہاتھوں سے کروں گا۔