کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی، نشیبی علاقے زیرآب آگئے، بارش کے باعث بجلی کی سپلائی معطل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
نارتھ کراچی، سرجانی، سکیم 33، لیاری اور ٹاور کے اطراف بارش ہوئی، ہاکس بے، ماڑی پور روڈ اور اطراف کے علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔
— Karachi Alerts (@Khi_Alerts) February 3, 2024
اورنگی ٹاؤن، تیسر ٹاؤن، گلشن معمار، بحریہ ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، لیاقت آباد، عائشہ منزل، گلشن حدید اور ناظم آباد میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی میں سب سے زیادہ 62 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، کراچی ائیرپورٹ پر 41.8، یونیورسٹی روڈ پر 29.8، ناظم آباد میں 23.5، نارتھ کراچی میں 33.6، گلشن معمار میں 23 اور کلفٹن میں 39.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
— Samar Abbas (@Samarjournalist) February 3, 2024
شہر میں برسات کے بعد نکاسی آب کے مسائل پیدا ہونا شروع ہو گئے، شاہراہ پاکستان، راشد منہاس روڈ اور دیگر سڑکوں پر مختلف مقامات پر پانی جمع ہو گیا، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے، انڈرپاسز اور نشیبی سڑکوں پر گاڑیاں پانی میں بند ہو گئیں۔
طوفانی بارش کے باعث سی اے اے نے کراچی ایئرپورٹ پر الرٹ جاری کر دیا، سی اے اے نے سیسنا سمیت دیگر چھوٹے طیاروں کو اُڑان سے روک دیا۔
سی اے اے نے ہدایت کی ہے کہ چھوٹے طیاروں اور ہیلی کاپٹر کو ونگز کے ساتھ وزن لگا کر باندھا جائے، کراچی ایئرپورٹ پر کھلے سامان کو درست جگہ سٹور کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔