کراچی میں بارش، سڑکیں تالاب بن گئیں، چھت اور دیوار گرنے سے 7 افراد زخمی

Published On 13 September,2022 07:11 pm

کراچی:(دنیا نیوز) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ سچل اور اورنگی ٹاؤن میں چھت اور دیوار گرنے کے واقعات میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔

کراچی میں تیز آندھی کے بعد موسلا دھار بارش ہوئی، اچانک تیز ہوائیں چلنے سے شہریوں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا، کئی علاقوں میں درخت، کھمبے، دیواریں اور شیڈ گرنے کے واقعات پیش آئے جبکہ اورنگی ٹائون ، سچل اور گلزار ہجری میں ہونے والے مختلف حادثات میں 7 افراد زخمی ہوگئے، جامعہ کراچی میں بھی کینٹین کی چھت گرنے سے چار طالب علم معمولی زخمی ہوئے، زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

کراچی میں کہاں کتنی بارش ہوئی محکمہ موسمیات نے اعداد و شمار جاری کردیے، سب سے زیادہ بارش کورنگی میں 34 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، قائد آباد میں 28 اعشاریہ 5 اور سعدی ٹاؤن میں 28 ملی میٹر بارش ہوئی، ڈی ایچ اے میں 24 ، اورنگی اور یونیورسٹی روڈ پر 20، 20 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جناح ٹرمینل پر 10 اعشاریہ 6، اولڈ ایئر پورٹ پر 9 اعشاریہ 2 ، پی اے ایف بیس مسرور پر 9 ملی میٹر، پی اے ایف بیس فیصل پر 8 ، کیماڑی میں 7 اور نارتھ کراچی میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، سب سے کم بارش ناظم آباد میں 2 اعشاریہ 2 ملی میٹر ہوئی۔

ذرائع کے مطابق بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی، بارش میں کے الیکٹرک کے تین سو فیڈرز ٹرپ کر گئے، منظور کالونی، ڈیفنس، پی ای سی ایچ ایس میں بجلی بند رہی، کریم آباد، بفرزون، ڈرگ روڈ پر بھی بجلی غائب رہی۔

کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق 1900 میں سے 225 فیڈرز حفاظت کے پیش نظر بند ہیں، متاثرہ علاقوں میں پانی کھڑا ہونے کے سبب حفاظتی اقدام لینا ناگزیر ہے۔
 

Advertisement