اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے امریکی ڈیموکریٹ پارٹی کے رہنما طاہر جاوید نے ملاقات کی جس میں انہوں نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے کوششیں تیز کرنے کا اعادہ کیا۔
پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان سے بنی گالہ میں امریکی ڈیموکریٹ پارٹی کے رہنما طاہر جاوید کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں سیلاب کی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، طاہر جاوید نے سیلاب متاثرین کی مدد کے حوالے سے اپنے دورہ سندھ سے متعلق عمران خان کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ کا جذبہ قابل تحسین ہے، سیلاب میں پھنسے افراد کو ابھی مزید امداد کی ضرورت ہے۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی اور سابق وزیراعظم نے کہا کہ معاشی صورت حال انتہائی خراب ہے، عوام کے مینڈیٹ سے آنے والی حکومت ہی تمام چیلنجر سے نمٹ سکتی ہے، بحرانی صورت حال کا ایک ہی حل عام انتخابات کا جلد از جلد انعقاد ہے۔
رہنما ڈیمو کریٹ پارٹی طاہر جاوید نے یقین دلایا کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے مزید کوششیں کریں گے۔