نارووال: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کے ذہن میں زہر بھر دیا ہے۔
انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے این اے 75 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار احسن اقبال نے نام لئے بغیر دانیال عزیز اور ان کے والد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ظفروال کے سیاستدانوں نے 70 سالوں میں کوئی ایک منصوبہ بنایا ہو؟ ان کی دلچسپی اتنی ہے کہ ووٹ لے کر بس اڈہ چلانا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ایک ایم این اے صاحب ہیں جو میرے اوپر گالی گلوچ کر رہے ہیں، ان کے والد اور انہوں نے 45 سال سے شکرگڑھ کی سیاست کی ہے ، کوئی ایک منصوبہ شکرگڑھ میں دکھا دیں، ووٹ لینے کے بعد کبھی کسی کا فون نہیں سنا۔
انہوں نے کہا کہ جو بیج بار بار لگانے سے جھاڑ نہ دے کیا وہ آپ دوبارہ لگائیں گے، پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کے ذہن میں زہر بھرا ہے ،آزاد امیدوار اپ کا ووٹ ضائع کریں گے ، اگر آزاد امیدوار کامیاب ہو گئے تو ووٹ زرداری کو جا کر بیچ دیں گے۔