لاہور:( دنیا نیوز) این اے 127 لاہور میں ووٹوں کی مبینہ خریدو فروخت کے معاملہ پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ مانگ لی۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 127 لاہور میں ووٹوں کی مبینہ خریدو فروخت پر ایڈیشنل ڈی جی الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کو خط ارسال کیا ہے۔
ایڈیشنل ڈی جی الیکشن کمیشن کے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کو جاری کئے گئے خط میں ووٹ خریدنے کے معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دینے اورجامع تحقیقاتی رپورٹ الیکشن کمیشن کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے گزشتہ روزمسلم لیگ ن کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور لاہور کے حلقے این اے127 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار عطا اللہ تارڑ نے پیپلز پارٹی پر ووٹوں کی خریدوفروخت کا الزام لگایا تھا جبکہ پیپلز پارٹی نے عطا تارڑ کے خلاف پارٹی آفس میں حملے ، کارکنوں کو اغوا کرنے کا الزام لگاتے ہوئے مقامی تھانے میں اندراج مقدمہ کی درخواست بھی جمع کرائی تھی۔