لاہور: (دنیا نیوز) مسلسل دو دن ہلکی اور تیز بارش کے بعد پنجاب کے میدانی علاقوں کو ایک بار پھر شدید دھند نے گھیر لیا، دھند کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم 2 کو ٹھوکر نیاز بیگ سے فاروق آباد، ایم 3 کو فیض پور سے درخانہ، ایم 4 کو شام کوٹ سے شور کوٹ انٹر چینج، شیر شاہ انٹر چینج، گوجرہ سے فیصل آباد اور عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک بند کر دیا۔
سید عمران احمد نے مزید کہا ہے کہ ایم 5 کو شیر شاہ سے جلال پور، اقبال آباد انٹرچینج سے روہڑی اور ایم 11 کو لاہور سیالکوٹ موٹروے مین ٹول پلازہ سے سمبڑیال مین ٹول پلازہ تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔
سید عمران احمد نے مزید کہا ہے کہ مسافر ڈرائیونگ کے دوران آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، کسی بھی معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔