لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارتی کارروائیاں کشمیریوں کے جذبہ حریت کو پست نہیں کر سکتیں۔
ایک پیغام میں وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یوم یکجہتی کشمیر پر واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کشمیری ہمارے بھائی ہیں اور ہم ہر حال میں ان کے ساتھ ہیں، 7 دہائیاں گزرنے کے باوجود مسئلہ کشمیر ابھی تک حل طلب ہے، یہ مہذب دنیا کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے بنیادی حقوق کی پامالی، بے رحمانہ قتل، عصمت دری اور تشدد کا سلسلہ جاری ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت سے انکاری ہے، آج بھی حق آزادی کے حصول کی جدوجہد میں کشمیریوں کا جذبہ اور حوصلے بلند ہیں، کشمیری بھائیوں کا جذبہ ہر گزرتے دن کیساتھ مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی کارروائیاں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں جو بہادر کشمیریوں کے جائز حق خوداردیت کے جذبے کو پست نہیں کرسکتیں۔