کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آئندہ آنے والی نسلوں کے لئے اچھا کراچی اور سندھ چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں۔
سینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان سید مصطفیٰ کمال نے شاہی سید کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دو دن قبل ہم شاہی سید کے گھر گئے، ساتھ ملنا ظالم کیخلاف متحد ہونے کاعزم ہے، آج اس پوزیشن پر ہیں کہ ہمارے مرنے کے بعد بھی یہ اتحاد قائم رہے گا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی میں معصوم لوگوں کی جانیں گئیں، ہم سے بھی غلطیاں ہوئی ہوں گی اور لوگوں سے بھی ہوئی ہوں گی، اب لیڈر شپ ووٹوں کو نہیں آنے والی نسلوں کو دیکھ رہی ہے، اس اہم ترین پیشرفت کے ثمرات سے پورا پاکستان مستفید ہوگا۔
سینئر ڈپٹی کنونیر ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ پختونوں اور مہاجروں کے درمیان پڑی دراڑ کو ہم نے ختم کردیا، یہ کام ریاست کا تھا جو ہم نے کیا، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو ایسا کرنا چاہئے۔