پشاور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کے ترجمان اختیار ولی نے پرویز خٹک پر جعلی ووٹ بنانے کا الزام لگا دیا۔
اختیار ولی نے کہا کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے چیئرمین پرویز خٹک کو اوریجنل بیلٹ پیپرز پہنچ گئے ہیں، چیف الیکشن کمشنر کو پیغام دیتا ہوں کہ نوشہرہ میں الیکشن کو فری اینڈ فیئر بنائے، ایک ہفتہ قبل درخواست بھی دی تھی۔
اختیار ولی نے کہا کہ پرویز خٹک این اے 33 نوشہرہ اور صوبائی حلقے سے میرے مد مقابل ہیں، ان کے پاس جدید سکینرز اور پرنٹرز ہیں، جس پر جعلی ووٹ بناتے ہیں، ان کی مشینوں پر چھپائی کا عمل شروع کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن ڈیوٹی میں شامل ایجوکیشن آفیسرز نے اوریجنل بیلٹ پیپرز حوالے کئے ہیں، نوشہرہ میں الیکشن کو غیرجانبدار بنا کر دکھائے، نوشہرہ میں الیکشن سے پہلے الیکشن ہو چکا ہے، الیکشن سے پہلے سلیکشن ہو چکی ہے۔
اختیار ولی نے کہا کہ اگر انتخابات سے پہلے اس دھاندلی کو اگر نہیں روکا گیا تو نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے، سڑکوں، موٹروے پر احتجاج کریں گے، جوعوام کا فیصلہ ہوگا، وہ قبول ہوگا، نوشہرہ میں الیکشن کے دوران خون خرابہ ہوا تو ذمہ دار الیکشن کمیشن اور انتظامیہ ہوگی۔