کراچی: دستی بم لے جاتے ہوئے پھٹ گیا، دہشتگرد ہلاک، خاتون اور بچہ جاں بحق

Published On 08 February,2024 01:51 am

کراچی: (دنیا نیوز) روشنیوں کے شہر کراچی میں دستی بم لے جاتے ہوئے پھٹ گیا، دہشتگرد ہلاک جبکہ خاتون اور بچہ جاں بحق ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نامعلوم دہشتگرد دستی بم لے جا رہا تھا کہ گلشن اقبال لیموں گوٹھ کے قریب اچانک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکے کی وجہ سے دہشتگرد سمیت 2 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ خاتون شدید زخمی ہوئی جسے ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دوران علاج خالق حقیقی سے جا ملی۔

یہ بھی پڑھیں: رہنما جے یو آئی (ف) حافظ حمد اللہ کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ

ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم گرینیڈ لے کر جا رہا تھا کہ راستے میں اس کے ہاتھ میں ہی پھٹ گیا، دہشتگرد کی شناخت نہیں ہو سکی، ٹارگٹ کیا تھا ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے، دھماکے میں خاتون اور بچے سمیت 3 افراد مارے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ عام انتخابات سے ایک روز قبل بلوچستان کے دو اضلاع میں انتخابی دفاتر کے باہر دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 24 افراد جاں بحق ہو گئے، پہلا دھماکا ضلع پشین کے علاقے خانوزئی میں ہوا جس میں 14 افراد لقمہ اجل بنے، دوسرا دھماکا قلعہ سیف اللہ میں جے یو آئی (ف) کے دفتر کے باہر ہوا جس میں 12 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔