لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے قومی و صوبائی حلقوں میں کامیابی حاصل کر لی۔
غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق سابق وزیر اعظم شہباز شریف لاہور سے صوبائی اور قومی اسمبلی کی سیٹیں بچانے میں کامیاب ہو گئے، انہوں نے حلقہ این اے 123 سے 63 ہزار 953 ووٹ لیے، شہباز شریف کے مد مقابل آزاد امیدوار افضال عظیم پاہٹ 48 ہزار 486 ووٹ ہی لے سکے۔
یہ بھی پڑھیں: خدا کا واسطہ مخلوط حکومت کا نام نہ لیں، ایک پارٹی کو مینڈیٹ ملنا ضروری ہے: نواز
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 158 سے 38 ہزار 642 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ آزاد امیدوار چودھری یوسف علی 23 ہزار 874 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
دوسری جانب غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجے کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی پنجاب اسمبلی کے حلقہ 159 لاہور سے کامیاب ہو گئی ہیں، لاہور کے پی پی 159 میں مریم نواز نے 23 ہزار 598 ووٹ لیے، آزاد امیدوار مہر شرافت 21 ہزار 491 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔