اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑنے کہا کہ انتشار برداشت نہیں، غیر جانبدارانہ انصاف سب کو فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کسی بھی قسم کی تحریک یا تشدد پر اکسانے کے عمل کو معاف نہیں کیا جائے گا، قانون بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اپنا راستہ اختیار کرے گا، اس نازک وقت میں انتشار برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ملک میں حالیہ عام انتخابات جمہوریت کے فروغ کی طرف ایک قدم ہے، نمایاں ٹرن آؤٹ کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ ضروری ہے تمام سٹیک ہولڈرز کو یہ احساس ہو کہ جیت اور ہار جمہوری عمل کے موروثی پہلو ہیں، جن کو انتخابات کے نتائج پر تحفظات ہیں وہ دستیاب چینلز کے ذریعے قانونی چارہ جوئی کریں۔
انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قانون سازی، عدالتی اور انتظامی شاخیں لچکدار ہیں، پرامن احتجاج اور اجتماع سب کا بنیادی حق ہے لیکن کسی بھی قسم کی تحریک یا تشدد پر اکسانے کے عمل کو معاف نہیں کیا جائے گا۔