آنے والی حکومت کیلئے ڈیجیٹل اکنامی کے فروغ کیلئے روڈ میپ بنا دیا ہے: عمر سیف

Published On 10 February,2024 07:10 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نگران وزیرآئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ آنے والی حکومت کیلئے ڈیجیٹل اکنامی کے فروغ کیلئے روڈ میپ بنا دیا ہے۔

کراچی میں آئی ٹی ایسوسی ایشن پاشا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عام انتخابات میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے تمام نو منتخب ارکان کو مبارکباد پیش کی، انہوں نے کہا کہ حکومت کاجلد قیام ملک و قوم اورمعاشی استحکام کیلئے ضروری ہے۔

ڈاکٹرعمرسیف نے کہا کہ ہمارے تمام اقدامات کا تسلسل برقرار رکھا گیا تو اربوں ڈالرز ریونیو حاصل ہوسکتا ہے، ایس آئی ایف سی سے اہم شعبوں میں بروقت فیصلوں کے ذریعے معاونت کا عمل جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت اختیارکرچکے، ہماری پالیسیوں سے گزشتہ 60 روزمیں آئی ٹی ایکسپورٹ میں 32 فیصد کاریکارڈ اضافہ ہوا، پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے آئی ٹی سیکٹر کو بلا رکاوٹ سہولیات کی فراہمی ضروری ہے۔

اس موقع پر چیئرمین پاشازوہیب خان نے آئی ٹی سیکٹر کیلئے شاندار خدمات پر ڈاکٹر عمر سیف کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عمر سیف کے اقدامات سے آئی ٹی سیکٹر کا اعتماد بحال اور ایکسپورٹ میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔