ساڑھے 7 ارب روپے کے رمضان پیکج کی منظوری

Published On 14 February,2024 03:25 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے ساڑھے 7 ارب روپے کے رمضان پیکج کی منظوری دے دی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے منظوری کے بعد یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے رمضان ریلیف پیکج کی تیاری شروع کردی ہے ۔

رمضان ریلیف پیکج کے تحت کھانے پینے کی 19 اشیاء پر سبسڈی دی جائے گی، ان اشیا میں آٹا، چینی، گھی، کوکنگ آئل، چاول، دالیں، کھجور، بیسن، دودھ، مشروبات اور مصالحہ جات شامل ہیں۔

ترجمان یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے مطابق بی آئی ایس پی سے رجسٹرڈ خاندان رمضان ریلیف پیکج سے مستفید ہوسکیں گے جس خاندان کا غربت انڈکس پر سکور PMT-60 یا اس سے کم ہوا  وہی مستفید ہو سکیں گے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ جو خاندان بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ نہیں ہے وہ بی آئی ایس پی کے قریبی دفاتر سے رابطہ کرکے اپنی رجسٹریشن کروا لیں، ٹارگیٹڈ سبسڈی کے علاوہ جنرل صارفین کیلئے بھی خصوصی رعایتی قیمتیں مقرر کی جائے گی۔